تعارف کراچی آلو پیاز منڈی
کراچی سبزی فروٹ منڈی پاکستان کی سب سے بڑی منڈی ہے جو کہ 110ایکڑ پر قائم ہے محل وقوع گڈاپ ٹاؤن سپر ہائی وے ٹول پلازہ سے ایک کلومیٹر آگے شہر کی طرف سڑک کے شمالی سمت میں ہے سڑک سے تین گیٹ ہیں شہر کی طرف سے پہلا گیٹ آلو پیاز منڈی کا ہے جبکہ دوسرا گیٹ سبزی منڈی کا ہے تیسرا گیٹ فروٹ منڈی کا ہے آلو پیاز منڈی میں 14بلاک تعمیر کئے گئے ہیں جو کہ گیٹ 1سے شمال کی طرف غربی دیوار کے ساتھ ساتھ ہیں آکشن شیڈ بھی ہر بلاک کے ساتھ ہے یہ منڈی 2002ء میں اس جگہ قائم کی گئی اور اس کی سڑکیں شیڈ اور آکشن شیڈ بنانے کے لیے ایشین ڈویلپمنٹ بنک سے قرضہ لیا گیا۔
آلو پیا زکے علاقے
سندھ میں آلو کی کاشت نہیں ہوتی جبکہ پیاز کی کاشت خوب ہوتی ہے بدین اور ٹھٹھہ کا پیاز پاکستان بھر میں سب سے پہلے آجاتا ہے کیونکہ یہاں کا موسم سردیوں میں کم سرد اور گرمیوں میں کم گرم ہوتا ہے سندھ کا پیاز ختم ہوتے ہی ہرنائی (بلوچستان)کا پیاز شروع ہوجاتا ہے اور اس کے بعد خاران اور چاغی (بلوچستان)کا پیاز اس منڈی میں آجاتا ہے یوں پورا سال تازہ پیاز دستیاب ہوتا ہے۔
پاکستان میں آلو کی سب سے بڑی منڈی اوکاڑہ میں ہے دوسرے نمبر پر عارف والا (پاکپتن)ہے جہاں قصور تک کے علاقے سے آلو آتا ہے اور پاکستان بھر میں لدان ہوتا ہے اور اور ملک سے باہر خصوصاً افغانستان، دبئی اور سعودی عرب بھی جاتا ہے اوکاڑہ میں آلو کا کام کرنے والے آڑھتی سینکڑوں میں ہیں اور اس کی تحصیل دیپالپور میں انٹرنیشنل آلو منڈی ہے جہاں دنیا بھر سے خریدار آتے ہیں اور روزانہ سینکڑوں ٹرالر لوڈ ہوتے ہیں یہ علاقہ آلو کی پیداوار کے لئے پاکستان کا ایک قیمتی اثاثہ ہے
ادرک لہسن کے علاقے
ادرک اور لہسن چائنا سے آتا ہے پاکستان میں ادرک کی کاشت نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ لہسن بھی ضرورت سے کہیں کم پیدا ہوتا ہے حکومتی پلاننگ نہ ہونے کی وجہ سے پہلے توپاکستان میں ادرک کی کاشت بند ہوگئی محکمہ زراعت بھی چونکہ کاغذی کاروائیوں تک محدود ہے اور دیگر محکمہ جات کی طرح اس محکمہ کے سربراہ بھی سفارشی اور نااہل ہوتے ہیں لہٰذازراعت کا مستقبل پاکستان میں تاریک ہے جبکہ انڈیا میں اس کی پیداوار اتنی کثیر ہوتی ہے کہ تازہ ادرک استعمال کے علاوہ خشک کرکے اس کو دنیا بھر میں سپلائی کیا جاتا ہے دیسی لہسن کی کاشت حکومتی حوصلہ افزائی نہ ہونے کے باعث ختم ہوگئی ہے اب اگر چہ لہسن کی کاشت کو دوبارہ فروغ مل رہا ہے ہرنائی کی ورائٹی حکومتی امداد کے بغیر ہی فروغ پارہی ہے اور ہائی برڈ لہسن نارک G1کی پیداوار بھی فروغ پارہی ہے جس کی وجہ سے امید ہوچلی ہے کہ پاکستان لہسن کی پیداوار میں خودکفیل ہوجائے۔
آلو پیاز کی فروخت کا طریقہ کار
کراچی کی بھاری آبادی (3کروڑ)کی وجہ سے یہ ایک بڑی کھپت کی صارف منڈی ہے آلو پیاز کی فروخت دیگر منڈیوں کی طرح بولی کے ذریعے نہیں ہوتی بلکہ ہاتھوں پر کپڑا رکھ کر انگلیوں کے خفیہ اشاروں کے ذریعے ہوتی ہے جو صبح 6بجے تا12بجے تک جاری رہتی ہے۔پاکستان بھر کی کسی منڈی میں ایسا طریقہ کار کہیں نہیں ہے ہر جگہ اوپن آکشن ہوتی ہے گوادر سے لے کر سکردو تک پاکستان بھر میں 600سے زائد سبزی منڈیاں موجود ہیں مگر کراچی کا دستور نرالا ہے۔